ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مسلمان اسلامی اخلاق اور خوبیوں کو اپنائیں:مولانا اسرارالحق قاسمی

مسلمان اسلامی اخلاق اور خوبیوں کو اپنائیں:مولانا اسرارالحق قاسمی

Tue, 26 Sep 2017 20:48:02    S.O. News Service

دیناجپور، 26 ستمبر(ایس او نیوز؍پریس ریلیز)اسلام عالمی اتحاد و انسانیت کا علمبردار ہے اور اس کے اندر ساری انسانیت کو جوڑنے اور مربوط کرنے کی طاقت موجود ہے،اس وقت ہندوستانی مسلمانوں کی سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ وہ اپنے اندر اسلام کی اس خصوصیت کو پیدا کریں اوربرادران وطن کے ساتھ خیرخواہانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے دین کی دعوت و تبلیغ پر توجہ دیں۔ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین و ممبرپارلیمنٹ مولانا اسرارالحق قاسمی نے مدرسہ فیض القرآن ٹھکری باڑی اتر دیناجپور میں ایک اصلاحی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج پوری دنیا میں مغربی فکر کا غلبہ ہوچکا ہے،اخبارات و ذرائع ابلاغ میں روزانہ بے حیائی،چوری،زناکاری کے علاوہ دیگر بیسیوں ایسی خبریں شائع ہوتی رہتی ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ لوگ تیزی سے اخلاقیات سے عاری ہورہے ہیں،ایسے میں ہمیں چاہئے کہ اپنے بچوں کی بہترین تعلیم کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت کا بھی معقول انتظام کریں تاکہ وہ مستقبل میں معاشرے کے لئے مصیبت بننے کے بجائے رحمت ثابت ہو ں اور ملک و قوم کے کام آئیں۔مولاناقاسمی نے کہاکہ مسلمانوں کے پاس قرآن کریم کی شکل میں ایک ایسی کتاب موجودہے کہ اگر وہ اس پر عمل کرنے لگ جائیں تو ساری مشکلیں دور ہوسکتی ہیں،کیوں کہ یہ کتاب ہمیں ایک ایسی تہذیب دیتی ہے جو دنیا کی تمام تہذیبوں میں اپنا منفرد مقام رکھتی ہے اور جس میں کسی تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔مولانانے ناصحانہ انداز میں کہا کہ آپ اسلام کی تعلیمات سے واقفیت حاصل کیجئے،برائیوں کا جواب بھلائیوں سے دیجئے اور صبر و تحمل کے ذریعہ دشمن کو بھی جگری دوست میں تبدیل کرنے کی قرآنی تعلیم پر عمل کیجئے،اسلام پوری دنیا کے انسانوں کے لئے ہے،وہ کسی کو اپنا دشمن نہیں سمجھتا،لہذا مسلمانوں کو چاہئے کہ اپنی زندگیوں کو حقیقی اسلام کا نمونہ بنائیں اور دنیا کو اسلام کی خوبیوں سے روشناس کرائیں۔مولانا نے ملک کے موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہقومی سطح پر موجودہ صورتِ حال نہایت تشویشناک ہے اورملک کے تمام شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سے بخوبی طورپر نمٹنے کے لئے بہتر لائحۂ عمل مرتب کرے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور یہاں تمام شہریوں کو قانونی طورپر ہر قسم کے حقوق حاصل ہیں،ایسے میں اگر کوئی شدت پسند سیاسی جماعت یا حکومت ملک کے کسی طبقے کے ساتھ ناانصافی اور تعصب کا معاملہ کرتی ہے تو تمام انصاف پسند افراد کو چاہئے کہ وہ مضبوطی سے ایسے عناصر کا مقابلہ کریں اور ملک کے امن و امان کی حفاظت کے لئے ہر ممکن جدوجہد کریں۔مدرسہ کے مہتمم مولاناممتازعالم نے کلماتِ تشکر پیش کرتے ہوئے کہاکہ مولانا اسرارالحق قاسمی ہندوستانی مسلمانوں کے ایک مثالی قائد ہیں اورآپ صرف ایم پی ہی نہیں بلکہ تصوف و سلوک سے وابستہ اور خدارسیدہ بزرگ بھی ہیں،آپ کی سماجی خدمات بھی بے مثال ہیں اور خاص طورپرحالیہ ڈیڑھ ماہ سے آپ نے بہار کے سیلاب زدگان کے مابین راحت رسانی و امدادکا جوکام کیا ہے وہ ضرورت مندوں کی خدمت کے تئیں آپ کے بے مثال مخلصانہ جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے بے پناہ مصروفیات کے باوجوددعوت قبول کرنے اورمسلسل پونے دوگھنٹے تک پرمغز خطاب کرنے پر مولانا موصوف کا دلی شکریہ اداکیا۔


Share: